
پاراچنار، یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی ریلیاں
شیعہ نیوز:پاراچنار میں مجلس وحدت مسلمین اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئی، اس موقع پر رہنماؤں نے سعودی حکومت اور حکومت پاکستان سے فوری طور جنت البقیع میں سیدہ کائنات اور آئمہ اطہار علیہ السلام کے مزارات کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں نے یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر جنت البقیع کے انہدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سابق فرمانروا عبدالعزیز کے دور میں آٹھ شوال کو جنت البقیع میں مزارات مقدسہ مسمار کئے گئے، جن میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری بیٹی حضرت بی بی فاطمتہ الزہرا (س)، صحابہ کرام اور اہلبیت اطہارؑ کے مزارات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مزارات شعائر اللہ ہیں، جن کی حرمت از روئے قرآن ثابت ہے، مگر افسوس کہ مشاہیر اسلام کے مزارات منہدم ہیں، رہنماؤں نے کہا کہ جنت البقیع کی تعمیر کا مطالبہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے تمام انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں، ارباب اختیار اور بالخصوص حکومت پاکستان سے ان مزارات کی عظمت رفتہ کی بحالی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جنت البقیع میں مزارات کی فوری دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔