
پرامن ریلی پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، درجنوں فلسطینی زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کے شہر رام اللہ اور غزہ میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق رام اللہ میں شہریوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید بھوک ہڑتال اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی نکالی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے لیے ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسیران نے ’’عوفر‘‘ جیل میں90 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر احمد زھران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی تھی۔
مظاہرین نے احمد زھران کی فوری رہائی اور اس کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے اسیر کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسیر احمد زھران نام نہاد انتظامی قید کے خلاف مسلسل 90 دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دوسری طرف غزہ میں پچاسی ویں حق واپسی مارچ پر اسرائیلی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جمعے کی شام غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد کے قریب ہفتہ وار گرینڈ واپسی مارچ میں شریک پرامن لوگوں پر صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر کم سے کم 30 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوجیوں نے حق واپسی مارچ میں شریک فلسطینیوں کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان پر زہریلی آنسو گیس کے گولے بھی داغے ہیں جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینیوں کی حالت غیر ہوگئی ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔
اس ہفتے کے حق واپسی مارچ کا عنوان تھا: الخلیل صیہونی آباد کاری کے سامنے تسلیم نہیں ہو گا۔