
قاسم سلیمانی کے چہلم پر نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان اجتماع
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قاسم سلیمانی کے چہلم کی مناسبت سے نشتر پارک میں منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع میں ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں کے قائدین سمیت دیگر مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق شہید مدافع حرم شہید سردار قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس و دیگر شہدائے مدافعان حرم کے چہلم کی مناسبت سے کراچی کے نشتر پارک میں عظیم الشان مرکزی اجتماع منعقد ہوا۔
ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ چہلم کے اجتماع میں مرد و خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔چہلم کے اجتماع کی نظامت کے فرائض مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مبشر حسن اور آئی ایس او کے رہنماء ریحان اکبر نے انجام دیئے۔
چہلم کے عظیم الشان اجتماع سے مرکزی خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کیا، جبکہ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مختار امامی، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی، علامہ نثار قلندری، علامہ صادق جعفری، جمعیت علمائے پاکستان نورانی سندھ کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی سمیت شیعہ سنی علماء کرام و ذاکرین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔
چہلم کی مناسبت سے نشتر پارک میں منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے، اور یہ جنگ پہلے کی طرح روایتی جنگ نہیں، بلکہ عالمی استعمار انتہائی چالاکی اور منظم انداز سے ہمیں ایک پیچدہ جنگ میں دھکیل رہا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی صدرآئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی نے کہاکہ امریکہ نے داعش کو تقویت دینے کے لیے قاسم سلیمانی کو شہید کرایا۔امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔انہوں نے کہا کہ رہبر معظم کی آنکھ سے نکلنے والے ایک ایک آنسو کابدلہ لیاجائے گا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےشیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر علامہ ناظرعباس تقوی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی پر حملہ عراق کی خود مختاری پر حملہ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ شہید قاسم سلیمانی شیعہ سنی اتحاد کے داعی تھے اورعالم اسلام کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کررہے تھے۔ علامہ ناظرتقوی نے امریکہ کی لے پالک دہشت گرد تنظیم داعش کوشکست دی۔قاسم سلیمانی کو شہید کرکے امریکہ نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی امن کا بدترین دشمن ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامدرضا نے کہاقاسم سلیمانی کا نام قیامت تک زندہ رہے گا۔ قاسم سلیمانی حریت کی وہ داستان تھا جس کی تاریخ قیامت تک پڑھائی جائے گی،خدا اور رسول ؐاور دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جانیں ہتھیلی پر لیئے پھرنے والوں میں سے ایک شخص قاسم سلیمانی تھا۔قاسم سلیمانی کی آرزوشہادت کا حصول تھا جوپوری ہوگئی،قاسم سلیمانی ک فلسفہ تکفیر کے خلاف جذبہ جہاد کو جاری رکھنا تھا جو تاقیامت جاری رہے گا۔
صاحبزادہ حامدرضا نے کہاکہ فلسطین،لبنان،شام، روہنگیا، کشمیر سمیت پوری دنیا میں جاری بربریت میں کفار کے ساتھ عرب ممالک کا اہم کردار ہے۔داعش کے قیام سے لیکر آج تک اسے لوجسٹک سپورٹ اسرائیل اور سعودی عرب کی جانب سے ہی حاصل ہے ۔جنت البقیع اور مقدسات کی مسماری اس امر کی دلیل ہے کہ حرمین کو کسی اور سے خطرہ نہیں بلکہ اس کو اپنے حکمرانوں سے خطرہ ہے۔
نماز مغرب کے بعد شہداء کی یاد میں منعقدہ مجلس عزا سے علامہ ناظر تقوی نے خطاب کیا،جبکہ معروف نوحہ خواں عرفان حیدر نے نوحہ خوانی کے فرائض انجام دیئے۔