قاسم سلیمانی کی شہادت، آئی ایس او کا ملک گیر مظاہروں کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عالم اسلام کے عظیم مجاہد، مدافع حرم سیدہ زینب، مدافع کربلا و نجف قاسم سلیمانی اور شہید ابو مھدی مھندس کو عراق میں شہید کرنے کے المناک سانحہ پر عالم اسلام کو ہدیہ تعزیت پیش کرتے ہوئے مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے عارف حسین الجانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی کی شہادت سے ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان ہوا اور ایک ایسا خلا پیدا پیدا ہوا، جو کبھی پُر نہیں ہوگا۔
مرکزی صدر نے حملہ میں ملوث عالمی استکبار اور جابر شیطان بزرگ امریکہ کے اس جارحانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا کے امن کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔ مرکزی صدر نے مزید کہا کہ عراق میں امریکی حملہ، بظاہر داعش کی شکست کا انتقام ہے، لیکن یہ المناک سانحہ پورے خطہ کو جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ مرکزی صدر نے امریکہ کے اس ظالمانہ قدم کے خلاف ملک میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے کارکنان جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر ملک بھر میں احتجاج کریں گے اور بعدازاں ملک بھر میں شہید قاسم سلیمانی کے ایصال ثواب کے لئے مجالس ترحیم کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ عالمی استعمار خوفزہ ہوکر حریت پسندوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کرتا ہے اور ہمیشہ سے حریت اور آزادی اظہار کیخلاف سازشی عنصر کا کردار ادا کیا ہے۔ مرکزی صدر نے کہا کہ عالم اسلام کے دشمن امریکہ نے ظلم و جبر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ کیا ہے، اسلام کے دشمنوں کو یہ جان لینا چاہیئے کہ دینِ، راہِ خدا کے مجاہدین اور عُشاق امام عالی امام مقام امام حسین علیہ السلام، خدا کے راستے میں شہید ہونے سے نہیں ڈرتے اور ہمیشہ سے دنیا کے مستکبروں کے مقابلے میں میدان میں ڈٹے رہیں گے، آئی ایس او نے ہمیشہ سے مظلومین کی حمایت کی ہے، کیونکہ ہم ہر ظالم کے مخالف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں۔ واضح رہے کہ آئی ایس او نے ملک گیر سطح پر امریکہ مخالف مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔