قم المقدس، شہید علی ناصر صفوی کی برسی پر تقریب کا انعقاد
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر قم المقدس میں خانوادہ و دوستان شہید کہ طرف سے شہید علی ناصر صفوی کی 23ویں برسی کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا. سیمینار کا پنڈال شہداء کی تصاویر سے مزین تھا اور استقبالیہ میں شہداء کی تصاویر کے ارد گرد شمعیں روشن کی گئیں تھیں، جس سے سیمینار کے ماحول میں معنوی و روحانی جھلک دکھائی دے رہی تھی۔
مدرسہ حجتیہ میں منعقد ہونیوالے سیمینار میں سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ، حجتہ الاسلام والمسلمین، ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے خصوصی شرکت کی اور قومی غیرت و حمیت اور پاکستان میں ملت تشیع کے دفاع میں شہید علی ناصر صفوی کے کردار پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی غیرت و حمیت کا تقاضا ہے کہ انسان مقدسات دینی اور امت مسلمہ کی عزت و آبرو کی حفاظت کرے اور اگر ضرورت پڑے تو جان پر کھیل کر دینی عزت و ناموس کی حفاظت کو یقینی بنائے، شہید حقیقی دشمن امریکہ اور اسرائیل کی امت مسلمہ کے خلاف سازشوں، اندرونی امور میں مداخلت اور فتنہ وفساد پھیلانے کی پالیسی سے مکمل طور پر آگاہ اور بہترین دشمن شناس تھے اور اس کے ناپاک منصوبوں سے آگاہی اور انہیں ناکام بنانے پر زور دیتے تھے۔
انہوں نے خطاب میں کہا کہ شہید علی ناصر صفوی ان تمام خصوصیات غیرت و حمیت کا عملی نمونہ تھے کہ جنہوں نے اپنے مذہب و ملت اور انفرادی و اجتماعی وجود کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور اسی راستے پر اپنی جان بھی نچھاور کر دی۔ علاوہ ازیں سربراہ امور خارجہ نے سابقہ ادوار میں ملت تشیع کو پیش آنےوالی مشکلات و مصائب اور ریاست کی شیعہ دشمن پالیسیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 80 کی دہائی میں جہاد افغانستان کے نام پر اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر بننے والے جہادی گروہوں نے وطن عزیز میں ہر فقہ و مذہب کے لوگوں کا قتل عام کیا اور بعد ازاں وہی جہادی گروہ ریاستی اداروں کے ساتھ حالت جنگ میں نظر آئے۔
آخر میں سربراہ امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم نے شہید علی ناصر صفوی کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ علاوه ازیں سیمینار سے شہید کے ساتھیوں اور حجة الاسلام ڈاکٹر اشرف علی تابانی نے بھی خطاب کیا اور آخر میں خانوادہ شہید اور انکے دوستوں کی جانب سے مولانا فصیح حیدر نے سب شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔