کوئٹہ بم دھماکہ، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی پرزور مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور سابق وزیرقانون آغا سید محمد رضا نے سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں اہل سنت مکتب فکر کی مسجد میں تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے بم دھماکے کی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس دہشگرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سہولت کاروں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،بلوچستان میں موجود تکفیری گروہ دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث ہیں،ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم ڈبلیوایم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوں نےاس افسوسناک سانحے میں شہید ہونے والےڈی ایس پی امان اللہ اور دیگر نمازیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے شہداءکیلئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےشوریٰ عالی کے رکن سابق وزیر قانون بلوچستان آغا سید محمد رضا کاسیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں اہل سنت مکتب فکر کی مسجد میں تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے بم دھماکےپر اظہار مذمت ۔ میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے پٹھو پاکستان پر دباؤ ڈالنے کے لیے دہشتگردی کا سہارا لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔دہشت گرد ملک کی ترقی و استحکام کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔ دہشت گردوں کا مکمل صفایا تکفیریت کے خاتمے سے مشروط ہے۔