پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے آزادی فلسطین مارچ کا انعقاد

شیعہ نیوز: مظلومین غزہ و فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے زیراہتمام "آزادی فلسطین مارچ” کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کا آغاز مسجد ولی العصر سے ہوا، جو شہداء چوک علمدار روڈ کوئٹہ پر پہنچ کر بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرگیا۔ مارچ میں مرد و خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔ مارچ کے شرکاء سے مرکزی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ علی حسنین حسینی، صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی، ارباب لیاقت علی ہزارہ، جعفر علی جعفری، آغا عباس موسوی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی اداروں سمیت پوری دنیا نے اسرائیلی مظالم کے سامنے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اسلامی ممالک بھی فلسطینیوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ رہے ہیں۔ لیکن اسرائیل کے تمام تر مظالم کے باوجود فلسطینی عوام سربلند ہیں۔ اسرائیل اپنے منطقی انجام کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، جنگ بندی نہ کرنا اسرائیل کے لیے زہر قاتل ثابت ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تمام تر محروم و مظلوم قومیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ آنے والے الیکشنز میں غیر جانبدار رہنے والے حق و صداقت کی کمزوری کا باعث بنیں گے۔ واضح طور پر عوام کے حقوق کا بہادری کے ساتھ تحفظ کرنے والے افراد کو اسمبلیوں میں پہنچائیں، تاکہ ناصرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کا دفاع کیا جا سکے۔

آزادی فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ کے بہادر مسلمانوں نے تحریک آزادی فلسطین میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ہم شہدائے فلسطین اور شہدائے یوم القدس کوئٹہ کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ غزہ آج صبر و استقامت کی تصویر بن چکا ہے۔ فلسطین نے اپنے صبر و استقامت سے امریکہ اور اسرائیل کو شکست دی ہے۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ تحریک مقاومت کی پوری اسلامی دنیا میں بڑھتی ہوئی حمایت اسرائیل کے لیے وبال جان بن رہی ہے۔ اسرائیل کا گھمنڈ خاک میں مل چکا ہے۔ امریکہ اور اس کے حواریوں نے اب دبے پاؤں اسرائیلی حمایت سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیل کچھ ہی عرصے میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرنے کے ترلے کرے گا۔

قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ ہم آج یہاں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ جہاں ہم فلسطینی عوام کے لیے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں، وہاں اپنی بلوچستان کی خواتین کے لیے بھی سراپا احتجاج ہیں۔ جن کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں ہتک آمیز سلوک روا رکھا گیا ہے۔ علامہ سید ظفر شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر میں فلسطینی کاز کے ساتھ کھڑے ہو کر مظلوموں کی داد رسی کی ہے۔ یہ درس ہمیں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا ساتھیوں نے کربلا میں دیا ہے۔ ہم آئندہ بھی مظلومین جہاں کے حق میں اور جابر طاقتوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button