کوئٹہ، سید الشہداء اسکاؤٹس کیجانب سے تیسری اجتماعی شادیوں کا انعقاد
شیعہ نیوز: یوم ولادت امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کی مناسبت پر سیدالشہداء ویلفئیر سوسائٹی اینڈ اسکاؤٹس کی جانب سے کوئٹہ میں تیسری اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں منعقدہ ہونے والی اجتماعی شادیوں میں 20 جوڑیں شادی کے مقدس رشتے سے منسلک ہو گئے۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ شبیر میثمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ کوئٹہ کے علمائے کرام، قبائلی و سیاسی شخصیات اور دیگر معتبرین سمیت دلہا اور دلہن کے رشتہ دار اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شریک ہوئے۔
منتظمین نے بتایا کہ سیدالشہداء اسکاؤٹس کی جانب سے تیسری مرتبہ اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 20 جوڑوں کی شادیاں کرائی گئیں۔ جنہیں زندگی کے بنیادی ضروریات کا سامان بھی بطور تحفہ دیا گیا۔ تقریب سے علامہ شبیر میثمی نے خطاب کرتے ہوئے جوڑوں کو مبارکباد پیش کی، اور سید الشہداء اسکاؤٹس کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا انعقاد قابل تحسین اور قابل تعریف ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اجتماعی شادیاں ایک عبادت ہے۔ شادی کے کانسیپٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اجتماعی شادیوں کے ذریعے معاشرے سے برائی اور حرام کاموں کو دور کیا جا سکتا ہے۔