پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

ماہ رجب کی فضیلت و اعمال

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) رجب المرجب کا مہینہ اسلام کے با فضیلت اور اہم مہینوں میں سے ایک مہینہ ہے ۔ رجب کی پہلی جمعرات کی شب لَيْلَةَ الرَّغَائِب کے نام سے مشہور ہے۔

رجب کا مہینہ خدا کا ایک بزرگ مہینہ ہے

حضرات معصومین علیہم السلام سے اس مہینہ کی فضیلت کے بارے میں بے شمار احادیث وارد ہوئی ہیں۔، مثال کے طور پر پیغبر اکرم صلی للہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: رجب کا مہینہ خدا کا ایک بزرگ مہینہ ہے۔ رجب خدا کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے، اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے، جو کوئی رجب میں ایک دن روزہ رکھتا ہے خدا کی خوشنودی کا سبب بنتا ہےاور خدا کے غضب سے دور ہوتا ہےاور جہنم کے دروازےاس پر بند کردئےجاتے ہیں.

امام کاظم علیہ السلام نے اس مہینہ کی فضیلت کے بارے میں فرمایا ہے کہ: رجب، جنت کی ایک نہر کا نام ہے جو دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ شیرین ہے، جو کوئی اس مہینہ میں ایک روزہ رکھے گا اس نہر سے پیئےگا. اسی طرح امام صادق علیہ السلام نے بھی فرمایا ہےکہ: رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نےفرمایا ہےکہ: رجب کا مہینہ میری امت کے استغفار کا مہینہ ہے، اس لئے اس مہینہ میں بہت زیادہ استغفار کرو کیونکہ خدا بہت زیادہ بخشنے والا ہے۔

رجب کی پہلی جمعرات کی شب ملائکہ اور آسمان میں «لَيْلَةَ الرَّغَائِب»کے نام سے مشہور ہے

اس مہینہ میں ایک خاص رات ہے جس رات کے بارے میں بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے اور وہ اس مہینہ کی پہلی شب جمعہ یعنی رجب کی پہلی جمعرات ،اس رات کے بارے میں رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: یہ رات ملائکہ اور آسمان میں «لَيْلَةَ الرَّغَائِب»کے نام سے مشہور ہے،اس رات میں جب رات کا ایک تہائی حصہ گذر جاتا ہے ، تمام ملائکہ کعبہ اور اس کے اطرا ف جمع ہو جاتے ہیں اورخداوند متعال سے اللہ کے نیک بندوں کے لئے اور جو اس مہینہ کو اہمیت دیتے ہیں اور روزہ رکھتے ہیں اور عبادت کرتے ہیں، مغفرت اور رحمت کو طلب کرتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۱ رجب ولادت باقر العلوم امام محمد باقر ؑمبارک ہو

لَيْلَةَ الرَّغَائِب کے اعمال

اس رات میں ایک اہم نماز ہے جس کے بارے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ: یہ نماز مغرب اور عشا کے درمیان پڑھی جاتی ہے، اس نماز کی کیفیت اس طریقہ سے ہے:بارہ رکعت نماز ہے جو دو رکعت ،دو رکعت پڑھی جاتی ہے، اور ہررکعت میں ایک مرتبہ سورہ حمد، اور تین مرتبہ سورہ قدر اور بارہ مرتبہ سورہ توحید پڑھا جاتا ہے. اور جب بارہ رکعت تمام ہوجاتی ہے، تب ستر(۷۰) مرتبہ«اللهم صل علی محمد النبی الامی و علی آله»کہنا ہے اس کے بعد سجدہ میں جا کر ستر(۷۰) مرتبہ«سبوحٌ قدوسٌ رب الملائكة والروح».پھر سجدہ سے اٹھنے کے بعد ستر(۷۰) مرتبہ«رب اغفر وارحم و تجاوز عما تعلم انك انت العلی الاعظم».پھر سجدہ میں جاکر ستر(۷۰) مرتبہ«سبوح قدوس رب الملائكة والروح». اس کے بعد اپنی جو بھی حاجت ہے خداوند عالم سے طلب کرو انشاء الله خدا قبول کریگا. رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ نے فرمایا : رجب کی پہلی جمعرات کو روزہ رکھو اس کے بعد اس نماز کو بجالاؤ.

پیغبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اس نماز کے ثواب کے بارے میں فرماتے ہیں کہ: جوکوئی اس نماز کو پڑھےگا ، خدا وند متعال اس کے قبر کی پہلی رات میں اس نماز کو ایک خوبصورت شکل میں اس کی طرف بھیجےگا، وہ اس شخص سے کہے گی : اےمیرے حبیب، تجھ کو بشارت ہو کہ تو نے ہر شدت اور سختی سے نجات پالی ہے،مردہ اس سے پوچھے گا تو کون ہے: خدا کی قسم میں نے تجھ سے زیادہ خوبصورت نہیں دیکھا اور تیرے کلام سے زیادہ شیرین آج تک نہیں سنا، وہ جواب دےگی: میں اس نماز کا ثواب ہوں جو تو نے رجب کے مہینہ کہ فلان رات کو پڑھی تھی، آج تیرے پاس آئی ہوں تاکہ تیرا حق ادا کروں اور تیری تنہائی میں تیری مونس رہوں اور وحشت کو تجھ سے دور کروں اور جب قیامت کے دن صور پھونکی جائےگی میں تیرے سر پر سایہ کرونگی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button