
رمضان المبارک کو اللہ کی ضیافت و مہمانی کا مہینہ قرار دیا گیا ہے، علامہ شبیر حسن میثمی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالی کی رحمت و مغفرت کا مظہر اور ضیافت الہی کا حامل وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی کی رحمت سبھی مخلوقات اور خاص طو ر پر روزہ داروں کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہوتی ہے، جس میں انسان کا ہر ہر سانس عبادت شمار ہوتا ہے۔ اس بابرکت مہینہ میں انسان کو اللہ تعالی کے ساتھ اپنے تعلق و رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے قرآن، دعا اور اعمال صالح کا سہارا لینا چاہیے۔ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ اور بہار قرآن ہے جس میں تدبر و تفکر کے ساتھ تلاوت قرآن، دینی جوش و جذبہ کے ساتھ دروس و محافل قرآنی میں شرکت کرنا چاہیے کیونکہ تلاوت و تفسیر قرآن کی محافل زمین پر جنت کے باغات ہیں۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مزید کہا کہ احادیث میں رمضان المبارک کو اللہ کی ضیافت و مہمانی کا مہینہ قرار دیا گیا ہے اور دعا حقیقت میں اپنے میزبان و ولی نعمت کے ساتھ وہ گفتگو ہے جو نعمتوں میں مزید اضافے کا سبب بنتی ہے۔ اس لیے اس ماہ کے شب و روز میں اللہ تعالی کے حضور خلوص نیت اور حضور قلب کے ساتھ دعائیں کرنا اللہ کے قرب اور اس کی لامتناہی نعمتوں کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اللہ تعالی نے قسم کھائی ہے کہ اعمال صالح انجام دینے والے افراد قطعا گھاٹے میں نہیں ہیں اور ان کا اجر بہت زیادہ ہے لیکن اس ماہ میں نیک اعمال کی جزا بھی لیلۃ القدر کی طرح ہزارگنا بڑھ جاتی ہے، چنانچہ رمضان المبارک میں لوگوں کی مشکلات کو حل کرنا، صدقہ دینا، زبان پر قابو رکھنا، دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے آواز اٹھانا ایسے کارہائے نیک ہیں جن پر اجر عظیم عطا کیا جائے گا اور برزخ و قیامت کی مشکلات آسان ہونگی۔