رمضان المبارک کی آمد ہے، ہمیں احتجاجی تحریک یا دھرنوں کی جانب نا دھکیلا جائے، علامہ عقیل موسیٰ
شیعہ نیوز:جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے رہنما علامہ عقیل موسیٰ کا کہنا ہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی سے بھی درجنوں سے زائد شیعہ جوان لاپتہ ہیں، رمضان المبارک پر ہمیں امید تھی کہ شاید ہمارے پیارے اب واپس آجائیں لیکن ابھی تک انہیں رہا اور بازیاب نہیں کرایا گیا، اگر لاپتہ افراد کسی لاقانونیت میں ملوث ہیں تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے، عدلیہ لاپتہ افراد کو بازیاب کروائے، ان کے اہل خانہ کے دکھ درد کو محسوس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی عرصے سے معاملات سست روی کا شکار ہیں اور اس دوران دوبارہ شیعہ افراد کو لاپتہ کردیا جانا ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش کی ہے جسے کسی حال میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
علامہ عقیل موسیٰ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کہتے ہیں کہ لاپتہ لوگ ان کے پاس نہیں تو کیا بیرون ملک کی ایجنسیاں انہیں لے گئیں، آئین کے مطابق جسے بھی گرفتار کیا جائے گا اسے چوبیس گھنٹوں میں عدلیہ میں پیش کیا جائے گا، ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے خود ہی قانون شکنی کر رہے ہیں، رمضان المبارک کی آمد ہے، ہمیں احتجاجی تحریک یا دھرنوں کی جانب نا دھکیلا جائے، جب تک ملت جعفریہ کا آخری بے گناہ اسیر رہا نہیں ہوجاتا ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔