اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

جنت البقیع کی از سر نو شایان شان تعمیر کی جائے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جنت البقیع ہمیں رسول خدا، ان کی آل پاک ؑ امہات المومنین اور اصحاب باوفا کیساتھ عقیدت اور وابستگی کے اسباب فراہم کرتی ہے لیکن ایک عرصے سے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ غم، حزن اور ملال کی عملی تصویر پیش کر رہے ہیں اور مسلمانوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔

یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر اپنے خصوصی پیعام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اکثر مسلمان شعائر اللہ اور خاصان خدا سے منسوب مقامات شعائر اللہ کے احترام کیساتھ ساتھ ان کی شایان شان تعمیر بھی درست سمجھتے ہیں تاکہ آنے والی نسلیں بھی خاصان خدا کی ذوات کیساتھ اپنی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاندان رسالت کی برگزیدہ شخصیات بالخصوص دختر پیغمبر اکرم حضرت فاطمہ زہرا ؑ کے بے روشنی و بے سایہ مزارات طویل مدت سے امت مسلمہ کی اکثریت کے دل کی چبھن بنے ہوئے ہیں اور اسلام کے اس تاریخی ورثے اور اثاثے کی موجودہ حالت ان کیلئے رنج کا باعث بنی ہوئی ہے، لہذا اختلاف نظر کے باوجود حکمت، دانش اور وقت کی ضرورت کا تقاضا یہ ہے کہ دختر پیغمبر گرامی، اہل بیت ؑ رسول اور محترم ہستیوں کے مزارات اور قبور کی از سر نو شایان شان تعمیر کی جائے تاکہ مسلم عوام کے جذبات کی تسکین ہو اور جنت البقیع کی صورت میں تہذیبی آثار اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کو یقینی بنا کر مسلمانوں کی یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط بنایا جائے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جنت البقیع چونکہ عالم اسلام کا مشترکہ سرمایہ ہے اور جنت البقیع کی تعمیر کا مطالبہ ایک عرصہ سے اسلامی دنیا کی اکثریت کی طرف سے تسلسل کیساتھ ہو رہا ہے اس تناظر میں لازم ہے کہ جنت البقیع کی از سر نو تعمیر کو یقینی بنایا جائے اور مسلمانوں کے دلوں میں موجود خلش کا مداوا کیا جائے۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close