رانا شمیم کے بیان سےگلگت بلتستان کے شہریوں کی دل آزاری ہوئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے آرگنائزر شیخ میرزا علی نے کہا ہے کہ رانا شمیم کے جی بی کے حوالے سے بیان سے محب وطن شہریوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ ذمہ دار حلقوں کی جانب سے جی بی کے تکنیکی طور پر پاکستان کا حصہ نہ ہونے کا بیان بھارتی پراپیگنڈے کی تقویت کا باعث بن رہا ہے۔
ذرائع ابلاغ میں رانا شمیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر منظر عام پر آنے والے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ میرزا علی کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ گلگت بلتستان کو آزادی حاصل کئے 74 سال گزر چکے ہیں، کبھی ہماری آزادی کو معاہدہ کراچی کی صورت میں کسی سے مشروط کیا جاتا ہے تو کبھی ملک کو آئین دیتے وقت نہ صرف نظر انداز کیا جاتا ہے بلکہ جی بی کے لوگوں کو حاصل صدیوں پرانے حقوق بھی چھین لئے جاتے ہیں اور جنگل کا قانون حاوی کیا جاتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں اہل سنت اکابرین ناصبیوں کی آل رسولؑ دشمن سرگرمیوں پر نظر رکھیں
صوبائی رہنماء اسلامی تحریک کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ اپنے آپ کو پاکستانی سمجھتے تھے، ہیں اور سمجھتے رہیں گے لیکن اس حقیقت کے باوجود تواتر کے ساتھ کبھی وزارت اطلاعات، کبھی وزارت قانون، کبھی وزارت خارجہ کبھی کوئی عہدیدار حقائق کے منافی بیان دیتا ہے، جو نہایت تکلیف دہ ہے۔ حالیہ دنوں رانا شمیم کی جانب سے ذرائع ابلاغ میں نشر ہونے والے بیان نے جی بی کے تمام محب وطن شہریوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ ایسے منفی بیانات سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، جس کا تسلی بخش جواب کسی کے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست اس نازک صورت حال میں گلگت بلتستان سے متعلق اپنا موقف واضح کرکے خطہ میں بڑھنے والی بے چینی دور کرے۔