کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کیجانب سے کتب خوانی مقابلہ
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی جانب سے کتب خوانی مقابلے میں پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم بلوچستان شعبہ تربیت کی جانب سے منعقدہ کتب خوانی مقابلے کے پوزیشن ہولڈرز میں تقسیم انعامات کے لئے تقریب کا انعقاد فاطمیہ اسلامک سینٹر کوئٹہ میں کیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی، سید عباس موسوی، ڈاکٹر لیاقت علی سمیت دیگر صوبائی و ضلعی رہنماؤں، کارکنوں اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان شعبہ تربیت کی جانب سے نوجوان نسل میں کتب خوانی (مطالعہ) کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے رواں سال اگست کے مہینہ میں کتب خوانی مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا۔
جس میں کتاب "اسلامی طرز فکر کے بنیادی اصول” کا انتخاب کیا گیا۔ امتحان میں شرکت کرنے والے قارئین کی حوصلہ افزائی کے منعقدہ تقریب میں تین بہترین قارئین کو اعلان شدہ انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ اور عوام کے شعور کی بلندی میں کتب خوانی کی اہمیت پر زور دیا، اور مستقبل میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اسی طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کا عہد کیا۔