دنیاہفتہ کی اہم خبریں

سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت غیر قانونی ہے، برطانیہ کی معذرت

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) برطانیہ کی بین الاقوامی تجارت کی وزیر نے عدالت سے سعودی عرب کو دو مرتبہ وہ اسلحہ بیچنے کی اجازت دینے کے وعدے کی خلاف ورزی پر معذرت کی ہے جو یمن کے خلاف جنگ میں استعمال ہو سکتا تھا۔

وزرا نے وعدہ کیا تھا کہ اپیل کی عدالت میں اس کے خلاف چیلنج دائر کیے جانے کے بعد وہ اسلحے کی ترسیل کو روک دیں گے۔

لِز ٹرس نے کہا کہ رائل سعودی لینڈ فورسز کو چار لاکھ پینتیس ہزار پاؤنڈ کے ریڈیو کے سپیئرز اور ایک ائیر کولر کے لائسنس نادانستہ جاری کیے گئے تھے۔ بتایا گیا کہ ایک اندرونی انکوائری جاری ہے۔

دارالعوام کی اسلحے پر کنٹرول کی کمیٹی کو لکھے گئے ایک خط میں لِز ٹرس نے کہا کہ اعداد و شمار کے معمول کے تجزیے میں پتہ چلا ہے کہ رینالٹ شیرپا سکاؤئٹ وہیکل کو دیے گئے ائیر کولر کا لائسنس فیصلے کے چند روز بعد دیا گیا۔

جبکہ ریڈیو سپیئرز کی 260 اشیا کی برآمد کا لائسنس جولائی میں دیا گیا۔ خط کے مطابق ابھی تک اس قسم کی 180 چیزیں بھیجی جا چکی ہیں جن کی مالیت دو لاکھ اکسٹھ ہزار چار سو پینتالیس پاؤنڈ ہے۔

تجارت کی وزیر نے کہا کہ وہ یہ دو لائسنس جاری کرنے پر عدالت سے معافی مانگتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومتی وزرا نے بھی عدالت کو وعدے کی خلاف ورزی کے متعلق آگاہ کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ اندرونی انکوائری شروع کی گئی ہے تاکہ یہ پتہ کیا جا سکے کہ آیا کوئی اور لائسنس عدالتی اور پارلیمانی حکم کے خلاف تو جاری نہیں کیے گئے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مزید کوئی اور خلاف ورزی نہ ہو۔

عدالت میں اسلحے کی تجارت کے خلاف سرگرم گروہ ’کیمپین اگینسٹ آرمز ٹریڈ‘ کی طرف سے دائر کیے گئے ایک کیس میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ریاست کو فوجی سازو سامان کی فروخت کا لائسنس دینا غیر قانونی تھا۔

برطانیہ کی برآمدات کی پالیسی کے مطابق فوجی سازو سامان کی فروخت کا لائسنس اس وقت تک نہیں دینا چاہیئے جب تک واضح نہ ہو کہ کہیں یہ وہاں استعمال تو نہیں ہو گا جہاں انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

تاہم لز ٹرس سے پہلے وزیر لیام فوکس نے عدالت کو یقین دہانی دلائی تھی کہ حکومت مزید لائسنس نہیں دے گی۔

حکومتی معافی پر بیان دیتے ہوئے مہم چلانے والے گروپ کے اینڈریو سمتھ نے کہا کہ ’ہمیں ہمیشہ سے ہی بتایا جاتا رہا ہے کہ برطانیہ کا اسلحے کی برآمد پر کنٹرول کتنا سخت اور مضبوط ہے، لیکن اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سچ سے کتنا بعید ہے۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button