
سعودی عرب نے اسرائیلی طیاروں پر اپنی فضائی حدود بند کردی
شیعہ نیوز: العربیہ کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل سے دبئی جانے والے طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ایئرلائن کے طیارے کو تل ابیب سے دبئی کے لیے پرواز بھرنی تھی جس کے لیے طیارے کو سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنا تھی تاہم سعودی حکومت نے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے منع کردیا۔
اس سے قبل اسرائیلی طیارے براستہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات آتے جاتے رہے ہیں تاہم اس بار سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں ملی جس کے باعث طیارے کو پانچ گھنٹے تک تل ابیب ایئرپورٹ پر انتطار کے بعد پرواز منسوخ کرنا پڑی۔
اسرائیلی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے فضائی حدود کے استعمال سے منع کیوں کیا اس کی وجہ معلوم نہیں لیکن اسرائیلی وزارت خارجہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی عرب نے اسرائیلی طیاروں کو یو اے ای کے لیے اپنی حدود سے گزرنے کی اجازت دیدی تھی۔