مشرق وسطی

ایران ریاض تعلقات کے مستقبل کے بارے میں سعودی وزیر خارجہ پرامید

شیعہ نیوز:سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والا سمجھوتہ دو برسوں کے مذاکرات کا نتیجہ ہے اور ان مذاکرات کی بنا پر ہی اچھی ہمسائیگی اور قوموں کے اقتدار اعلی کے احترام اور قومی مفادات کے پیش نظر مفاہمت ہوئی ہے اور یہ نتیجہ نکالا گیا ہے کہ علاقے کی سیکورٹی کے بارے میں تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔

انھوں نے تاکید کی کہ سعودی عرب سمجھتا ہے کہ نتیجہ بخش مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔

ایران کے ساتھ تعلقات کے مستقبل کے بارے میں بھی انھوں نے کہا کہ وہ تعلقات کو خوش آئند سمجھتے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ علاقے کی سیکورٹی کی حمایت اور علاقے کے تمام ملکوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور تعلقات مضبوط و مستحکم ہوں گے۔

اس سے قبل ایران کی وزارت خارجہ نے بیان میں اعلان کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی خارجہ پالیسی کے شعبے میں توازن کے نفاذ، متحرک سفارتکاری، سوجھ بوجھ پر مبنی تعاون اور ہمسایہ ممالک کے سلسلے میں اپنی پالیسی کو عملی شکل دینے اور اس حوالے سے ماضی میں ہوئے اقدامات کی تکمیل کرتے ہوئے ایک اور اہم قدم اٹھایا اور سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول کے راستے پر لانے کے لئے بیجنگ معاہدہ انجام دیا۔

بیان میں مزید آیا ہے کہ اس اقدام سے ایران نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ وہ اپنے اور علاقے کے مسلم دوست اور ہمسایہ ممالک کے عوام کے مفادات کے تحفظ اور اسی طرح علاقائی گنجائشوں کو علاقے میں وسیع پیمانے پر صلح و آشتی کے قیام کے مقصد سے استعمال کرنے میں سنجیدہ عزم کا حامل ہے اور اس راہ میں اُس نے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران اور سعودی عرب نے عراق، عمان اور چین کی ثالثی میں سات سال کے بعد بیجنگ شہر میں اپنے سفارتی تعلقات کی بحالی کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
اس معاہدے کے مطابق یہ طے پایا ہے کہ ایران و سعودی عرب کے وزرائے خارجہ آئندہ دو ماہ کے اندر اندر ایک دوسرے سے ملاقات کر کے اپنے اپنے سفیروں کی تعیناتی، سفارتخانوں کی بحالی اور ان سے جڑے دیگر مسائل کی زمین ہموار کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ دس مارچ کو بیجنگ میں طے پانے والے اس سمجھوتے سے متعلق بیان پر ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی، سعودی عرب کی قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان اور چین کی حکومتی کونسل اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن وانگ یی نے دستخط کئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button