آئی ایس او پاکستان کے سکاوٹس نے بلوچستان میں خیمہ بستی قائم کر دی
شیعہ نیوز:امامیہ چیف سکاوٹ کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب سے سندھ، جنوبی پنجاب کیساتھ ساتھ بلوچستان کے دو کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دوردراز کے علاقوں میں ریلیف آپریشن میں مشکلات کے پیش نظر کئی علاقوں میں رضاکاروں کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی تو امامیہ اسکاوٹس کے چاک و چوبند دستوں نے مقامی افراد کی مدد سے ایسے لوگوں تک رسائی حاصل کی اور درجنوں افراد کو بوٹس سے ریسکیو کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد افراد کو شب و روز راشن پہنچانے کا انتظام بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ امامیہ چیف سکاوٹ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کے علاوہ متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کیا گیا اور پانچ ہزار افراد میں بستر اور لباس بھی تقسیم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کا سروے بھی کیا گیا جس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خیموں اور میڈیکل کیمپس کی ضرورت ہے۔ امامیہ اسکاوٹس نے ملک کے دیگر متاثرہ علاقوں کی طرح بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ اوستہ محمد میں 300 سے زائد خیمے نصب کئے اور دیگر علاقوں میں تقسیم کئے جس سے 500 سے زائد خاندان محفوظ مقام پر منتقل ہو چکے ہیں اور ان تک روز مرہ کی اشیا کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ امامیہ چیف سکاوٹ نے کہا ہے کہ الخدمت مہم کے تحت متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک خدمات انجام دی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امامیہ اسکاوٹس نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔وبائی امراض کی تجہیزو تدفین ہو یا 2005کا زلزلہ ،2010کا سیلاب ہو یا 2022کا تباہ کن سیلاب ،امامیہ اسکاوٹس نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوش آئند امر یہ ہے کہ حالیہ تباہی کے بعد امامیہ اسکاوٹس سے وابستہ ہر رضاکار نے ہماری آواز پر لبیک کہا اسکاوٹس کی ٹیم کے ہمراہ خدمات انجام دی اور یہ ثابت کیا کہ امامیہ اسکاوٹس کے دل میں ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ زندہ رہتا ہے۔