
تہران، یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان ایمبیسی تہران کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر منانے کے لئے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ایرانی میڈیا، ایران میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایران میں پاکستانی سفارتی حکام کی طرف سے صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایران میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے عالمی رہنماوں بشمول اقوام متحدہ اور تمام انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر سے روکیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کروائیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں کشمیر کی آزادی تک ہر پلیٹ فارم پرصدائے احتجاج بلند کریں گے، علامہ اعجاز بہشتی
ایران میں پاکستانی سفیر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ایرانی عوام اور میڈیا کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
حجت الاسلام ڈاکٹر سلمان نقوی نے خطاب کے دوران ایران و پاکستان کے گہرے ثقافتی و دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا اور کشمیر، فلسطین و یمن کے مظلوموں کے لئے آواز بلند کرنے پر تاکید کی۔
تہران یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر حسن رضا نقوی نے کشمیر میں انڈین آرمی کی بربریت اور مظالم پر اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹس کا تفصیلی ذکر کیا اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لئے آواز بلند کرنے کو امت مسلمہ کا وظیفہ قرار دیا۔
فردوسی یونیورسٹی مشہد کی اسکالر معصومہ نقوی نے اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف روزیوں اور کشمیر میں جاری جبر کی مذمت کی۔ تقریب کے آخر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی لے لئے دعا کی گئی۔