مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

حماس کے سینیئر رہنما صالح العاروری 2 ساتھیوں سمیت شہید

شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا، جس میں حماس کے سینیئر رہنما صالح العاروری شہید ہوگئے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملہ جنوبی بیروت میں واقع حماس کے دفتر پر کیا گیا، حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے میں حماس کے سینیئر رہنما اور پولیٹیکل آفس کے نائب صالح العاروری دو ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں ایرانی اور عراقی فورسز کے درمیان مشترکہ پریڈ

عرب میڈیا کے مطابق جس علاقے میں حملہ ہوا ہے، وہ حزب اللہ کے زیر اثر ہے اور وہاں حماس سمیت فلسطینی گروپ بھی سرگرم ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حماس رہنما حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سے ملاقات کرنے والے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق صالح العاروری کا طوفان اقصیٰ کارروائی کے منصوبہ سازوں میں شمار کیا جاتا تھا، صالح العاروری اسرائیل کی ہٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر تھے۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے ایک بیان میں جنوبی لبنان میں صیہونی حکومت کے ایک ڈرون حملے میں غزہ سے باہر اپنے دفتر کے نائب رئیس صالح العاروری اور القسام بریگیڈ کے دو کمانڈروں کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اپنے ایک انٹرویو میں صالح العاروری نے کہا تھا کہ ہم سب حماس میں شہادت کے امیدوار ہیں۔

شیخ احمد یاسین سے لے کر آخر تک۔۔۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنی توقع سے زیادہ جی لیا اور زندگی کر لی ہے ’’سلام بر شہادت‘‘۔

صالح العاروری کا مزید کہنا تھا کہ صیہونی حکومت ہر روز اس کوشش میں ہے کہ القسام کے مرکزی کمانڈر محمد الضیف کو قتل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ وہ قدس میں داخل ہونگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button