ضلع کرم میں پائیدار امن کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات اٹھائے جائیں، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم میں دوبارہ کشیدہ صورتحال پیدا ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ضلع کرم میں مسسلسل انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے، پائیدار امن کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں، اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات موثر ثابت نہیں ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاراچنار کی حالیہ صورتحال پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بارہا ارباب اختیار کو متوجہ کرچکے ہیں کہ ان مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطحی، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق منظر عام پر لائے جائیں اور ضلع کرم و دیگر علاقوں کا امن تہہ و بالا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم پاکستان کے خوبصورت خطوں میں شامل ہے، اگر یہاں پائیدار امن قائم کیا جائے تو اس کے معاشی ثمرات سے بھی صوبہ سمیت پورا ملک مستفید ہوسکتا ہے، مگر افسوس امن کے حوالے سے بڑا سوالیہ نشان لگا دیا گیا ہے، عمائدین علاقہ کے خدشات سنے جائیں، اصل حقائق کیلئے اعلیٰ سطحی و بااختیار کمیشن کے ذریعے غیر جانبدار و شفاف تحقیقات کرکے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ضلع کرم سمیت صوبے میں پائیدار امن کا قیام یقینی بن سکے۔