
غزہ میں اسرائیلی حملے میں پولیس کے سات افسران شہید
شیعہ نیوز: غزہ کی پٹی میں وزارت داخلہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مشرقی غزہ کی التفاح کالونی میں اسرائیلی قابض فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں پولیس کےافسران سمیت کم سے کم سات اہلکار شہید ہوگئے۔
دوسری جانب المغازی کیمپ اور رفح شہر پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے میں کم از کم اٹھارہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے المغازی کیمپ پر بمباری کی ہے۔ ایک اور خبر کے مطابق صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے النصیرات کیمپ کے شمال میں اور حی التفاح کے مشرق نیز خان یونس پر بھی بمباری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بچوں کی کٹی پھٹی لاشیں اسرائیلی بربریت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، یونیسیف
صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات غزہ پٹی کے جنوبی علاقے میں ایک گھر پر بمباری کر کے سات فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ قطر کے الجزیرہ ٹی وی چینل نے سے رپورٹ دی ہے کہ جس گھر پر حملہ کیا گيا وہ رفح شہر کے مرکز میں واقع ہے۔
فلسطین کی شہری دفاع کی تنظیم نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ خان یونس کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے پندرہ فلسطینیوں کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔