پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

سیدۃ النساء العالمین کی ذات مقدسہ چودہ سو سالوں سے معیار حق وصداقت ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اُم الآئمہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیدۃ النساء العالمین کی ذات مقدسہ چودہ سو سالوں سے معیار حق وصداقت ہے۔امت مسلمہ اس ایک نکتہ پر باہم ہو کر سارے اختلافات اور مسلکی جھگڑوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا صدیقہ کائنات ہیں۔ان کی ناراضگی کو نبی کریم ص نے اللہ اور اس کے رسول کی ناراضگی قرار دیا ہے۔خدا تعالی کی خوشنودی صرف اسے ہی حاصل ہو گی جس سے فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا راضی ہوں گی۔جن کی نظریں اس درِ اقدس پر جھکی رہتی ہیں ان کے سر باطل کے سامنے ہمیشہ بلند رہتے ہیں۔حضرت امام حسین علیہ السلام کی شجاعت اور امام حسن علیہ السلام کا تدبر و فراست اُسی ماں کی تربیت کا نتیجہ ہے جسے دنیا ام ابیہا اور خاتون جنت جیسے القاب سے جانتی ہے۔

انہوں نے کہا دور عصر کے طاغوت اور استکبار کا مقابلہ کرنے کے لیے اہلبیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات کو اپنانا ہو گا۔ مادیت پسندی کے موجودہ دور نے انسان پر خواہشات نفس کا غلبہ طاری کیا ہوا۔ امت مسلمہ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے منحرف ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس صورتحال میں ماؤں کے کردار کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ حضرت فاطمۃ الزہراء سلام الله علیہا کے کردار و عمل کو اپنی زندگیوں پر لاگو کر کے معاشرے کو اسلام کے حقیقی اصولوں میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ اولاد کی کردار سازی کے لیے دختر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہو گا تاکہ دنیا و آخرت میں سرخروئی حاصل ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button