شہید ابراہیم رئیسی دنیا کے مقاومتی گروہوں کے حقیقی مددگار تھے، النُجَباء
شیعہ نیوز: عراق کی مقاومتی تحریک "النُجَباء” کے سربراہ "شیخ اکرم الکعبی” نے کہا کہ شہید سید ابراہیم رئیسی دنیا اور بالخصوص عراق میں مقاومتی گروہوں کے حقیقی مددگار تھے۔ جب کہ شہید حسین امیر عبداللہیان صرف ایران ہی نہیں بلکہ اسلام کے بھی سفیر تھے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار دفتر رهبر معظم انقلاب کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی مجلس ترحیم کے دوران ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ یہ مجلس امام بارگاہ امام خمینی رہ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شیخ اکرم الکعبی نے سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر امام زمان عج، امت اسلامی اور رہبر مسلمین جہاں کے حضور تعزیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آیت الله سید ابراہیم رئیسی شہید مستقیم طور پر دنیا اور فلسطین میں مقاومت سے جڑے حالات کی نگرانی کر رہے تھے۔ مقاومت کے حوالے سے اُن کا موقف پوری دنیا پر عیاں تھا۔ شیخ اکرم الکعبی نے کہا کہ یہ دانشور اور جلیلالقدر شخصیت اسلامی جمہوریہ ایران و امت مسلمہ کے لئے باعث افتخار ہیں۔ آخر میں انہوں نے خداوند متعال سے دعا کی کہ پروردگار ہمیں ان کے راستے پر چلنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ وہ راستہ جو دنیا کے حریت پسندوں میں انقلابی فکر کو جگاتا ہے۔