شہید قاسم سلیمانی پاکستان کے قریبی اور ہمدرد دوست تھے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) القدس بریگیڈ کے سربراہ قاسم سلیمانی نے اسلام کے حقیقی اور مقدس چہرے کو مسخ کرنیوالی عالمی سفاک دہشتگرد تنظیم داعش کا خاتمہ کر کے عالم اسلام کو اس بدترین فتنے سے نجات دی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ مرزا اسلم بیگ نے امریکی حملے میں شہید ہونے والےمدافع حرم شہید قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاسم سلیمانی پاکستان کے قریبی اور ہمدرد دوست تھے۔پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرزا اسلم بیگ کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی نے الٰہی بصیرت اور شجاعت سے عالمی دہشتگرد فتنوں کا ناصرف مقابلہ کیا بلکہ ان کا خاتمہ بھی کیا ۔
جنرل اسلم بیگ نے کہا کہ سردار شہیدقاسم سلیمانی میں اسلامی فوجی اتحاد کا سربراہ بننے کی انتہائی صلاحیت تھی۔پاکستان میں داعش کے نفوذ کے حوالے سے سردار قاسم سلیمانی ہمیشہ فکرمند رہتے تھے۔اگر شام وعراق میں جنرل سُلیمانی کی قیادت میں داعش کا راستہ نا روکا جاتا تو امریکی آلہ کار داعش کے ہاتھوں بے گناہ پاکستانیوں کا بدترین قتل عام ہوتا۔
جنرل (ر) اسلم بیگ کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے بیلسٹک میزائل حملوں نے جہاں امریکی غرور اور تکبر کو خاک میں ملایا وہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں شیطان بزرگ امریکہ کا تمام تر دفاعی نظام مکمل طور پر ناکام رہا، بلکہ سچ تو یہ ہے کہ جمہوری اسلامی ایران نے سپر پاور کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔