شہید قاسم سلیمانی کی شہادت پر فلسطینی تنظیموں کا ردعمل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کے استقامتی تنظیموں نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکہ کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاسم سلیمانی کی شہادت سے استقامتی محاذ ہرگز کمزور نہیں ہوگا اور استقامتی محاذ دشمنوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی نے اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ صیہونی حکومت کی نابودی اور سرزمین فلسطین سے غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے کی کوشش میں گذارا ۔
حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے کہا کہ استقامتی قوتیں صیہونی دشمن اور علاقے میں شرانگیزی کے اصلی مرکز کے خلاف جنگ جاری رکھیں گی اور سب کو یہ جان لینا چاہئے کہ شہید سلیمانی کا خون قاتلوں اور غاصب صیہونی حکومت کو نابود کردے گا۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو قدس بریگیڈ نے عراق میں امریکہ کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ استقامتی محاذ ہرگز گھٹنے نہیں ٹیکے گا اور امریکی و اسرائیلی منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لئے روز بروز طاقتور ہوتا جائےگا۔
فلسطین کی نیشنل انیشیٹیو پارٹی نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کا امریکہ کا دہشت گردانہ اقدام ایک حماقت آمیز کارروائی ہے جس سے پورے خطے کی سلامتی کونقصان پہنچے گا –
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے بھی کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی ہمیشہ تمام ملکوں منجملہ فلسطین اور لبنان میں استقامتی گروہوں کے حامی رہے ہیں ۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ڈپٹی سکریٹری جنرل ابو احمد فواد نے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی کا اصل مقصد بیت المقدس اور سرزمین فلسطین کو آزاد کرانا تھا اور انہوں نے ایک لمحےکے لئے بھی میدان جہاد کو ترک نہیں کیا ۔