شہید قائد سرزمین پاکستان پر اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے وفد کو دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائدعلامہ عارف حسین الحسینی ؒنے پاکستان کی سرزمین پر اتحاد بین المسلمین کا پرچم بلند کیا، ہم انہیں شہید راہ حق بین مسلمین کہتے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری اور ان کے ہمراہ آنے والے مجلس خبرگان کے ممبراہل سنت عالم دین مولانا نذیر احمد سلامی اور ڈاکٹر محسن کی پاکستان میں موجودگی کو سراہتے ہوئے اس دورے کو خوش آئند قرار دیا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان میں بین المسالک محبت و اخوت کے جذبات اور تکفیریوں کو تنہادیکھ کر اطمینان ہوا
انہوں نے کہاکہ شہید قائدعلامہ عارف حسین الحسینی ؒنے پاکستان کی سرزمین پر اتحاد بین المسلمین کا پرچم بلند کیا، ہم انہیں شہید راہ حق بین مسلمین کہتے ہیں۔وہ شیعہ سنی مکاتب فکر کو شیر و شکر دیکھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر فتنہ گروں نے مذہبی منافرت پھیلانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن انہیں ناکامی دیکھنا پڑی۔اتحاد بین المسلمین ہمارے دین کا حصہ ہے اس کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔پاکستان کے علماء باشعور و بابصیرت ہیں اور اتحاد کے راستے پر گامزن ہیں۔
واضح رہے کہ مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کا وفد سیکرٹری جنرل آیت اللہ ڈاکٹر حمید شہریاری کے سربراہی میں پاکستان کے دورے پر ہے جہاں وہ مختلف مسالک کے علماء سے ملاقاتیں اورکانفرنسز میں شریک ہورہا ہے۔