
شیر اب چینی کھا رہا ہے، شیر کے شکاری اب عوام کو شکار کر رہے ہیں، حافظ نعیم
شیعہ نیوز:منصورہ لاہور میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلسل مہنگائی کی شرح بڑھ رہی ہے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں جنوری سے اب تک ساٹھ روپے اضافہ ہوا۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت جھوٹے دعوے کرتی ہےکہ ہم نے آئی ایم ایف سے اچھا معاہدہ کرلیا، حکومت پہلے چینی ایکسپورٹ پر سبسڈی دیتی ہے، پھر امپورٹ کی اجازت دیتی ہے۔ اب لگتا ہے شیرچینی بھی کھا رہا ہے،جو تیر سے شیر کا شکار کرنے نکلے تھے، اب شیر کی پیٹھ پر بیٹھے کر عوام کا شکار کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کی برادر شوگر ملز چونیاں نے دو سال سے کسانوں کے پیسے دبا رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں سات روپے ریلیف کا اعلان کیا اربوں کے اشتہارات دیئے لیکن یہ کمی نہ ہو سکی۔ انکا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت میں بنیادی ٹیرف میں کمی ہونی چاہیے پروٹیکٹ نان پروٹیکٹ کے نام پر کمپنیوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جبکہ رات کے اندھیرے میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاگیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ شوگر مافیا، بجلی و پیٹرول کی قیمتوں کیخلاف جماعت اسلامی احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے اور جمعہ کے روز ملک بھر میں جبکہ اتوار کو ڈویژن سطح پر احتجاج کیا جائے گا اور اس تحریک کو آہستہ آہستہ بڑھایا جائے گا۔