
صیہونی آباد کار نے 2 بچوں سمیت 1فلسطینی خاتون کو گاڑی تلے روند ڈالا
شیعہ نیوز : فلسطین میں غاصب صیہونی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی بچوں و خواتین کے خلاف جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی آبادکاروں کی جانب سے انجام پانے والی جدید مجرمانہ کارروائی میں 2 بچوں سمیت 1 فلسطینی خاتون کو گاڑی تلے کچل کر زخمی کر دیا گیا ہے۔
عربی ای مجلے ’’عرب-48‘‘ کے مطابق شہر الخلیل میں واقع مسجد ابراہیمی کے سامنے ایک صیہونی آباد کار نے اپنی گاڑی کو فلسطینی شہریوں پر چڑھا دیا جس کے تلے آ کر وہاں موجود 2 فلسطینی بچے اور 1 خاتون کچلی گئی ہے تاہم فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فی الفور ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل صوبہ الخلیل کے شہر خرسا میں بھی غاصب صیہونی آباد کار نے 1 فلسطینی نوجوان کو اپنی گاڑی تلے کچل دیا تھا جبکہ جاری ماہ کے دوران غاصب صیہونی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر حملے کا یہ 17واں واقعہ ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں سلواد کے مقام پر ایک 15 سالہ فلسطینی بچے کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز سلواد کےمقام پر قابض فوج نے فلسطینیوں پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک 15 سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی لڑکے کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرناک ہے۔