
صیہونی آبادکار نے بس فلسطینی محنت کشوں پر چڑھا دی،2 مزدور شہید
شیعہ نیوز: فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم کی ایک تازہ کارروائی میں ایک صیہونی بس نے سڑک کنارے کھڑے دسیوں فلسطینی محنت کشوں کو کچل ڈالا ہے۔
فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق آج علی الصبح کام پر جانے کی غرض سے فلسطینی مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں واقع پولیس چوکی پر کھڑے دسیوں فلسطینی محنت کشوں کو ایک صیہونی بس نے روند ڈالا ہے جس کے باعث کم از کم 2 فلسطینی محنت کش شہید اور دسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں شہید و زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد ہنوز معلوم نہیں تاہم صیہونی میڈیا کے مطابق 7 فلسطینی محنت کش بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے دسیوں فلسطینی محنت کشوں میں سے 2 مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ عربی زبان کے روسی نیوز چینل روسیا الیوم نے اطلاع دی ہے کہ اس حادثے میں کم از کم 2 فلسطینی محنت کش شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو القدس میں عین کارم اور شعاری تصیدق اسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں ان میں سے دو اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔