
کراچی، شیعہ لاپتہ عزاداروں کے اہلخانہ کا احتجاجی ماتمی دستہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی میں چہلم امام حسینؑ کے مرکزی جلوس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام شیعہ لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کا احتجاجی ماتمی دستہ لگایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شیعہ لاپتہ عزاداروں کی بازیابی کیلئے بنائی گئی نمائندہ کمیٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام شیعہ لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کا احتجاجی ماتمی دستہ لگایا گیا۔
دستے میں شیعہ لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کے علاوہ علماء کرام نوحہ خوانوں اور عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دستے سے کمیٹی کے رکن اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کے علاوہ علامہ مختار امامی، علامہ حیدرعباس عابدی، علامہ نثار قلندری،علامہ مبشر حسن ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سمیت ہزاروں عزاداروں نے جبری گمشدگیوں کیخلاف احتجاج کیا۔
اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ ہم آج مظلوں کی حمایت میں کھڑے ہیں، 14 سو سالوں سے ہم ظالم کی مذمت کررہے ہیں اور مظلوموں کی حمایت کیلئے ہماری جانیں قربان ہیں، ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کو شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا درد نظر نہیں آتا، مسنگ پرسنز کی آواز ملک گیر آواز بن چکی ہے، ہم حکومت وقت کو متنبہ کرتے ہیں کہ مسنگ پرسن کو فی الفور رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں سے ہمارے مذاکرات جاری ہیں اور اگر ہمیں محسوس ہوا کہ یہ مذاکرات فائدہ مند نہیں ہیں تو پھرملک بھر میں ملت تشیع تاریخی احتجاج کرے گی جسے اس ملک کے اداروں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کا احتجاجی دستہ بعد نماز ظہرین وی آئی پی گیٹ مزار قائد سے شروع ہوا جو نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے لائنز ایریا پر اختتام پذیر ہوا۔