شیعہ قومی کانفرنس، مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دعوت کا سلسلہ جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی دفتر المہدی سینٹر جامشورو پہنچ کر مرکزی رہنما برادر احسان علی اصغری اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما منتظر مہدی سے ملاقات کی اور انہیں 12 مارچ کو اسلام آباد میں متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ہونے والی شیعہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصاب تعلیم اہم قومی مسئلہ ہے اس لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک گیر شیعہ قومی کانفرنس طلب کی ہے تاکہ ملک بھر کے شیعہ علماء، خطباء، ذاکرین، مسئولین ،مدارس، ماہرین تعلیم اور تنظیمی نمائندے مل بیٹھ کر نصاب پر مشاورت کریں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں۔
یہ خبر بھی پڑھیں شیعہ دشمنوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کیوں بے بس ہیں؟
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت کی نمائندہ قومی جماعت کی حیثیت سے ملت کے حقوق کے حصول کے لئے مسلسل میدان عمل میں ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے رہنما احسان علی اصغری نے کہا کہ نصاب تعلیم حساس مسئلہ ہے۔ نصاب کے سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
اس موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے رہنما منتظر مہدی نے کہا کہ نصاب تعلیم سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے تعلیمی نصاب میں ملت جعفریہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جو کہ افسوس ناک ہے۔