شیعہ سنی علماء واکابرین پر مشتمل وفد ایران وعراق کی زیارات کیلئے روانہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امت واحدہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کے شیعہ سنی علماء، سادات کرام اور مومنین کرام کا 40 رکنی وفد اسلام آباد سے ایران روانہ ہو گیا۔ جو بعد ازاں عراق میں قیام پذیر ہوگا۔ زیارتی، فکری اور سیاحتی ٹور کی تعارفی نشست جامعة الصادق اسلام آباد میں ہوئی۔
نشست سے سربراہ امت واحدہ علامہ محمد امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ علمائے کرام و سادات کرام کا سفرِ عشق زائرین عظام کی فکری و نظریاتی تربیت کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شیعہ سنی مسالک باہم متحد اور یکجا ہیں اور مودتِ اہل بیتِ رسول (ص)تمام مسالک کے مابین نقطہ اشتراک ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ علمائے کرام کا یہ زیارتی دورہ اتحادِ امت کیلئے عملی کاوش ثابت ہوگا۔
یہ خبر بھی پڑھیں متنازعہ فوجداری ترممی بل کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری
انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ عباس وزیری کی زیرِ قیادت قافلہ ایران و عراق کے تمام مقامات مقدسہ کی زیارت کی سعادت حاصل کرے گا۔ مزید براں مجتہدین کرام اور جید علمائے کرام سے خصوصی ملاقات، بعنوان اتحاد امت مسلمہ محفلِ مذاکرہ، عالمی کانفرنسز و سیمینار، اہم مسلکی و سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا جائے گا۔ وفد میں شامل علمائے کرام نے امت واحدہ کی کاوشوں کو پاکستان میں امن و سلامتی کے فروغ اور اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی کاوش کو خوش آئند قرار دیا۔