شکارپور، شہدائے کربلا معلیٰ امام بارگاہ کی نویں برسی پر مشعل بردار ریلی
شیعہ نیوز: وارثان شہداء کمیٹی شکار پور کے زیر اہتمام شہدائے کربلا معلیٰ امام بارگاہ کی نویں برسی کے موقع پر حیدری مسجد و امام بارگاہ سے مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ یادگار شہداء ٹاؤر پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء اور وارثان شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شکار پور ضلع میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر اور افسوس ناک ہے۔ یہاں روزانہ ڈاکے پڑتے ہیں، لوگ اغواء ہوتے ہیں۔ جج اور فوجیوں کو لوٹا جاتا ہے، مگر ایس ایس پی شکار پور نے "سب اچھا ہے” کہہ کر امام بارگاہوں مساجد اور وارثان شہداء سے سیکیورٹی کلوز کر لی۔
انہوں نے کہا کہ آج شہداء کی برسی کے مشعل بردار جلوس میں بھی سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تحریری معاہدے میں چوک شہداء کا اعلان کیا، جو آج تک نہ بن سکا۔ سندھ حکومت وارثانِ شہداء سے کئے گئے 21 نکاتی تحریری معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے، اور چوک شہداء کے نوٹیفکیشن پر عمل کیا جائے۔ آج بھی شکار پور ضلع میں کالعدم دہشت گرد تنظیم اور سماج دشمن عناصر کے اڈے اور سہولت کار موجود ہیں۔ جن کے خلاف آپریشن لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے شکار پور کی نویں برسی کے موقع پر 30 جنوری کو عظیم الشان اجتماع منعقد ہوگا۔