
سیالکوٹ واقعہ اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کا واقعہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کے لئے باعث شرم ہے، انتہا پسندوں نے پوری پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ مذہب کا نام لینے والے انتہا پسندوں نے غیرانسانی اور ظالمانہ اقدام کرکے اسلام کو بد نام کیا ہے، اسلامی تعلیمات کسی کو ناحق قتل کی اجازت نہیں دیتیں، غیر ملکی فیکٹری مینجر کے قتل کا واقعہ اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام میں انتہا پسندی اور اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ریاستی پالیسیوں نے قوم کو انتہا پسند بنادیا ہے، علامہ امین شہیدی
علامہ ناظر عباس تقوی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام دوسرے مذاہب کابھی احترام کرتا اور رواداری کا درس دیتا ہے، اسلام کسی ماورائے عدالت قتل کی اجازت نہیں دیتا، اسلامی تعلیمات کے مطابق بغیر ثبوت اور صفائی کا موقع دیئے بغیر کسی کو سزا نہیں دی جاسکتی،۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے، انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے علما، میڈیا اور حکومت کو مل کر رواداری کے فروغ کی مہم چلانی چاہیئے، اب اس انتہا پسندی کے خاتمے میں وقت لگے گا لیکن اس کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، قانون پر عمل درآمد ہوتا تو ایسے اقدامات سامنے نہ آتے۔