اہم پاکستانی خبریں

اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس، 9 مئی کے واقعات پر آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ

شیعہ نیوز: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں 9 مئی کے واقعات پر آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپیشل کور کمانڈر کانفرنس میں ملک کے موجودہ حالات پر غور کیا گیا۔ شرکاء کو ملک کی اندورنی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کانفرنس میں 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے شرکاء نے بتایا کہ آرمی کے رینک اور فائل میں عسکری تنصیبات کو نقصانات پہنچانے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کانفرنس میں مسلم باغ حملے میں سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی اور انسداد دہشتگردی آپریشنز کو سراہا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر افواج پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔ کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض سیاسی مفادات کیلئے لوگوں کو استعمال کیا۔ کسی بھی حلقے کی جانب سے قیام امن و امان میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کانفرنس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہداء کی یاد گاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر ایک منصوبے کے تحت عمل کرایا گیا تاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے، یہ سارا عمل ذاتی سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلئے تھا۔

آرمی چیف نے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ رد عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔ کانفرنس کے شرکاء نے بیرونی طور پر سپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پراپیگنڈے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ شرمناک پراپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج جبکہ مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔ دشمن قوتوں کے شیطانی پراپیگنڈے کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ افواج پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے سیاسی استحکام کیلئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک میں سیاسی استحکام لانے کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کی جائے گی، کانفرنس میں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پراپیگنڈے پر متعلقہ قوانین کے اطلاق کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button