
ایران کی جوہری صلاحیتوں کے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہئے، اسحاق ڈار
ایٹمی معاہدے اور مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہم ممالک کی قومی خودمختاری کے احترام کے اصول پر کاربند ہیں اور کوئی بھی بین الاقوامی معاہدہ باہمی احترام اور دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہونا چاہیے
شیعہ نیوز: پاکستانی وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے حصول اور استعمال کے امکان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ایران ایک ذمہ دار ملک ہے، اس لیے جوہری ہتھیاروں کی صلاحیتوں اور استعمال کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کوئی بھی ملک اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی رہائی پانے والے فلسطینیوں پر کڑی پابندیاں عائد
پاکستانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا اس حوالے سے واضح موقف ہے کہ ممالک کی علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ایٹمی معاہدے اور مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہم ممالک کی قومی خودمختاری کے احترام کے اصول پر کاربند ہیں اور کوئی بھی بین الاقوامی معاہدہ باہمی احترام اور دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہونا چاہیے۔ ٹرمپ کے دور میں ایٹمی معاہدے سے امریکی انخلاء اور مستقبل میں اس معاہدے کی بحالی کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک اس معاہدے کی موجودہ حیثیت کے بارے میں مکمل معلومات تک رسائی نہیں رکھتے، لیکن ہمارے اصولوں میں ہمیشہ تسلسل رہا ہے۔