دنیا لبنان اور خطے میں صیہونی جکومت کے مجرمانہ اقدامات اور مہم جوئی بند کروائے، پاکستان
شیعہ نیوز: لبنان کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے، جس کے نتیجے میں سیکڑوں شہریوں کا قتل عام ہو چکا ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے لبنان اور خطے میں صیہونیوں کے مجرمانہ اقدامات اور خطرناک مہم جوئی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی حالیہ فوجی جارحیت کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور تمام بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حملے سے پہلے ہی شورش زدہ خطے میں تناؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس نے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یورپی یونین اپنے ارکان کو اسرائیل کی حمایت سے روکے، عباس عراقچی
اسلام آباد نے ایک بار پھر لبنان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی اور امن و سلامتی کے ساتھ رہنے کے حق پر زور دیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو خطے میں مجرمانہ اقدامات، خطرناک مہم جوئی، جارحیت اور نسل کشی کی کارروائیوں سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور اس حکومت کا احتساب کرے۔
رپورٹ کے مطابق 2 روز قبل صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی جارحیت کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔