
شیعہ علماء کونسل کے مرکزی وفد کی وزیر اعلی گلگت بلتستان سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی وفد کے اعزاز میں گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے عشائیہ دیا۔ اسلامی تحریک پاکستان کے وفد کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کر رہے تھے۔
وفد میں مرکزی نائب صدور علامہ محمد رمضان توقیر،علامہ ناظر عبّاس تقوی، علامہ سید سبطین حیدر سبزواری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محمد علی قائد، جی بی اسمبلی کے ممبر محمد ایوب وزیری اور جے ایس او کے مرکزی صدر سید راشد نقوی سمیت دیگر رہنماء شامل تھے۔ وفد نے ملکی سیاسی بالخصوص گلگت بلتستان کے مسائل اور سیاسی امور پر گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نےعلامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور جی بی میں ان کی جماعت کے کردار کو اہم قرار دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں 7دہائیاں قبل اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو دنیا خصوصاً اسلامی دنیا میں خنجر کی طرح پیوست کیاگیا,علامہ سید ساجد علی نقوی
وفد نے خیر سگالی کے جذبے کا خیر مقدم کیا اور جی بی کی ترقی میں اسلامی تحریک پاکستان کے ہمیشہ کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ حکومت اور وفد کے مابین جی بی ٹورازم کے فروغ، تعلیم، صحت اور قیام امن کے لیے باہمی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔
ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر کرنل (ر) عبیداللہ بیگ، صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم ، صوبائی وزیر صحت حاجی گلبر خان اور صوبائی مشیر قانون و ریونیو سید سہیل عباس بھی موجود تھے۔