
محرم کی حرمت کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی
شیعہ نیوز: جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی حرمت کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تمام مسالک کے نمائندے ضابطہ اخلاق کی پاسدار ی کریں۔ دنیا کے تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ایک جسم کی مانند ہیں۔ بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور باہمی اتحاد و اتفاق کی فضا کو برقرار رکھنا علماء و مشائخ کی قومی ذمہ داری ہے اگر کسی جگہ مسئلہ درپیش ہو تو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نعیمین ایسی ایشن کے مرکزی صدر مفتی ندیم قمر حنفی، مفتی محمد عمران حنفی، مفتی محمد عارف حسین، قاری محمد امین نعیمی، مولانا محمد سلیم نعیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دشمن مذہبی فسادات انتشار پھیلا کر بد امنی پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ اہل و طن سے اپیل ہے کہ قومی اتحاد سے اس مذموم سازش کو خاک میں ملا دیں۔ کربلا کا واقعہ تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے، جو اس بات کا درس دیتا ہے کہ اسلام دشمن اور طاغوتی طاقتوں کے آگے کبھی سر تسلیم خم نہیں کرنا چاہیے۔ اسلام ایک مکمل دین ہے جو مسلمانوں میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے قائم کرنے پر زور دیتا ہے۔