طالبان کا یورپی ملکوں سے کابل میں سفارتخانے دوبارہ کھولنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز: افغان طالبان حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے افغانستان کے امور کے لیے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی "تھامس نکلسن” اور ان کے ہمراہ وفد صوبہ قندھار میں سے ملاقات کی۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان حافظ ضیاء احمد نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ متقی نے اس ملاقات میں کہا کہ افغانستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور اس تنظیم کے اراکین کو کابل میں اپنے سفارتی مشن دوبارہ کھولنے کی ترغیب دی جائے۔
مذکورہ ٹویٹ کے مطابق، متقی نے افغانستان کے لیے یورپی یونین کی انسانی امداد کے لیے نکلسن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
در ایں اثنا تھامس نکلسن نے کہا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان میں سیکورٹی برقرار ہے اور بدعنوانی کے خلاف جنگ کے میدان میں سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے نے مزید کہا کہ افغانستان کے لیے انسانی امداد کی ترسیل جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے 15 اگست 2021 کو افغانستان پر طالبان کے مکمل قبضے کے بعد افغانستان میں اپنے سفارت خانے بند کر دیے تھے۔