سردار سلیمانی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا
شیعہ نیوز:اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسلام کے ہر دلعزیز کمانڈر میجر جنرل سلیمانی کے قتل میں ملوث تمام مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔
آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے عالم ہستی کو حق کے مدار پر استوار قراردیتے ہوئے کہا کہ عالم ہستی باطل پذیر نہیں ہے، امریکہ، اسرائيل اور ان کی اتحادی سامراجی طاقتیں باطل پر مبنی اور تباہ ہونے والی ہیں، دنیا میں جو چیز باقی رہےگی وہ حق ہے اور حق اپنے تمام اجزاء کے ساتھ دنیا میں جاری اور ساری ہے۔
آیت اللہ رئیسی نے کہا کہ آج حضرت امام خمینی (رہ) کا پرچم ان کے بر حق جانشین حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے ہاتھ میں ہے اور شہید سلیمانی اور ان جیسی دیگر شخصیات ولایت سے وابستہ انقلابی جنرل ہیں۔ شہید سلیمانی نے اپنے وصیت نامہ میں سفارش کی ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک، نظام، اور اسلامی اقدار محفوظ رہیں تو آپ کو ولی امر مسلمین اور رہبر معظم کی پیروی کرنی چاہیے۔
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ شہید میجر جنرل سلیمانی ایک عظيم انسان تھے جن کی محبت دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں موجزن ہے۔ شہید سلیمانی نے عراق ، شام، لبنان ، فلسطین، افغانستان اور یمن میں گرانقدر خدمات انجام دیں انھوں نے شیعہ اور سنی دونوں کی خدمت اور مدد کی ان کی سوچ اور فکر اسلامیت اور انسانیت پر مبنی تھی اور یہی وجہ ہے جتنی محبت ان سے لبنان کی شیعہ تنظیم حزب اللہ کو ہے اتنی ہی محبت فلسطین کی سنی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی کو بھی ہے کیونکہ انھوں نے شیعہ تنظيیم حزب اللہ کو مضبوط بنانے کے ساتھ فلسطین کی سنی تنظیموں کو بھی مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ شہید سلیمانی کی گرانقدر خدمات کو شیعہ اور سنی کبھی فراموش نہیں کریں گے، انھوں نے شیعوں اور سنیوں کو داعش کے خونی چنگال سے آزاد کرانے کے ساتھ ساتھ غیر مسلمانوں کو بھی داعش کے خونی پنجوں سے چھڑانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور اس سلسلے میں مسلمان اور غیر مسلمان میں کوئي فرق نہیں ہے۔
آیت اللہ رئیسی نے کہا کہ امریکہ خطے میں جاری دہشت گردی کا روح رواں ہے اور شہید سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کے قتل میں ملوث تمام مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔