اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

دربار بی بی پاکدامنؒ کی تعمیر کا کیس، محکمہ اوقاف سے جواب طلب

شیعہ نیوز:لاہور ہائیکورٹ میں بی بی پاکدامنؒ کے مزار اور قبرستان کے متعلق متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ بی بی پاک دامنؒ مزار کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے قائم کی گئی 4 رکنی کمیٹی نے دورے کے بعد اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ عدالت نے بی بی پاکدامنؒ کے مزار اور قبرستان کی تعمیر روکنے کے حکم میں 9 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے متفرق درخواست پر محکمہ اوقاف سے بھی جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کے وکلاء مثبت سوچ کیساتھ مل بیٹھ کر موجودہ نقشے میں اگر کوئی تبدیلی ممکن ہو تو اس حوالے سے آگاہ کریں۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ یاد رکھیں اس کام کا اجر آپ کو اللہ تعالی کی ذات عطاء فرمائے گی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، عبداللہ ملک سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار عاصمہ ممدوٹ کی جانب سے متفرق درخواست میں خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درخواستگزار کی تجاویز پر محکمہ اوقاف عملدرآمد کرنے سے قاصر ہے۔ جو موقف درخواست گزار کا تھا ان کے سابقہ وکیل اس پر دلائل دینے میں ناکام رہے۔ محکمہ اوقاف کے وکیل نے جواب دیا کہ پی سی ون 2019 میں بنا، جس پر درخواست گزار مطمین ہوئی۔ اب تک 22 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہو چکی ہے۔ بدقسمتی سے درخواست گزار ہر سماعت پر اپنا موقف اور وکیل تبدیل کرتی رہی ہیں۔ نئیر علی دادا کا نام بھی بطور آرکٹیکٹ درخواست گزار نے خود ہی پیش کیا تھا۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مزارات کی تعمیرات اور تزئین و آرائش کے متعلق ماہرین ہوتے ہیں۔ لیکن یہاں عام مستری کو کام سونپ دیا جاتا ہے۔ آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ وہ اس کام میں مہارت بھی رکھتا ہے یا نہیں۔ عدالت جذبات کی بجائے حقائق پر مبنی دلائل کو مدنظر رکھے گی۔ آپ کی سوچ مثبت اور طرز عمل حقائق پر ہونا چائیے۔ اس کیس کو ہار جیت کا مسئلہ نہ بنائیں۔ اللہ تعالی کی ذات کو مدنظر رکھیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ہمیں مل جل کر اس معاملے کو نہ صرف سلجھانا ہے بلکہ اپنا اپنا کردار بھی ادا کرنا ہے، کس کو کتنا اجر ملنا ہے وہ اللہ جانتا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button