
چہلم کے موقع پر عزاداروں پر بنائے گئے مقدمات فوری ختم کیے جائیں، علامہ وسیم معصومی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع عزاداروں کا پیدل جلوسوں میں شریک ہونا کس قانون کے تحت جرم ہے،؟؟ پنجاب حکومت اور بالخصوص ملتان انتظامیہ کی جانب سے بے گناہ عزاداروں پر قائم مقدمات فوری ختم کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ ملتان میں مقدمات قائم ہوئے ہیں حالانکہ ملتان کی عوام نے پرامن انداز میں جلوسوں میں شرکت کی ہے۔ پنجاب حکومت اور ملتان انتظامیہ اپنے اقدامات پر نظرثانی کریں بصورت احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔ علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ ملک کو آگ و خون میں غلطاں کرنے والوں کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ دیے جا رہے ہیں جبکہ محب وطن پاکستانیوں کو تختہ مشق بنایا جا رہا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداری اور عزاداروں کے خلاف جھوٹے مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔