کورونا بحران نے ثابت کردیا امریکہ اپنا ملک چلانے میں بھی ناکام ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کےعالمی امور کے نمائندے امیرعبداللهیان نے کہا ہے کہ کورونا بحران نے ثابت کردیا کہ امریکہ نہ فقط دنیا کو چلانے کی طاقت و توانائی نہیں رکھتا بلکہ وہ تو اپنے ملک کو بھی چلانے میں ناکام رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کےعالمی امور کے نمائندے حسین امیرعبداللهیان نے اپنی ٹویٹ میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ کورونا بحران نے ثابت کردیا کہ امریکہ نہ فقط دنیا کو چلانے کی طاقت و توانائی نہیں رکھتا بلکہ وہ تو اپنے ملک کو بھی چلانے میں ناکام رہا ہے کہا کہ اس بحران نے ون مین شو اور عالمی نظام کو ایک ملک کی جانب سے چلانے کے انسانی دعوے کو بے نقاب کردیا ہے۔
امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹیسٹ کیٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملے ہر روز بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید ہزاروں افراد کورونا میں مبتلا ہوگئے۔ اس طرح اس ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 56 ہزار 7 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر10467 ہو گئی ہے۔
دوسری طرف ایران کے صدر حسن روحانی نے رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ علی خامنہ ای کی طرف سے قومی ترقیاتی فنڈ سے ایک ارب یورو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی غرض سے اٹھانے کی حکومتی درخواست منظور کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس مبلغ کو ضرورت کے مطابق صرف کرنے کا دستور صادر کردیا ہے۔
صدر حسن روحانی کے دفتر کے سربراہ نے ایک خط میں صدر کے معاون اورملک کے پروگرام اور بجٹ آرگنائزیشن کے سربراہ محمد باقر نو بخت کو رہبر معظم کے دفتر کے خط اور صدر روحانی کے دستور سے آگاہ کردیا ہے۔
صدر روحانی نے اپنے دستور میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں وزارت صحت کی ضروریات کو پورا کرنے، میڈیکل کے تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں ترقی وپیشرفت اور ملک کی علم و دانش پر مبنی کمپنیوں کی پیداوار سے استفادہ کرنے پر تاکید کی ہے۔