
ٹارگٹ کلنگ کا جرم، نابلس میں ڈرون حملے میں پانچ فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی پر مسلح حملے کے بعد اسرائیلی قابض فوج نے ایک کار پر ڈرون سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی قابض فوج نے بدھ کو نابلس کے بلاطا مہاجر کیمپ میں ایک کار پر ڈرون سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے باب المندب صیہونیوں اور ان کے مغربی حامیوں کیلئے پھندا بن چکا ہے، یمنی تجزیہ کار
حملے کے بعد کار کو آگ لگ گئی اور اس میں موجود تمام افراد شہید ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اس کارروائی میں ایک فلسطینی مزاحمتی سیل کو نشانہ بنایا جس میں مسلح سیل کے رہنما عبداللہ ابو شلال اور اس کے گروپ کوایک گائیڈڈ فضائی حملے میں شہید کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ابو شلال اسرائیلی فوج کو کئی مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ اسے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ابو شلال کی گاڑٰ کو نشانہ بنانے کے بعد اسے قبضے میں لے لیا اور علاقے کو سیل کرکے شہریوں کو اس علاقے میں جانے سے روک دیا گیا۔