ایام عزاء میں کسی مسلک کے مقدسات کی توہین نہیں ہونی چاہیے، علامہ رمضان توقیر
شیعہ نیوز: شیعہ علما کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال ڈیرہ میں استقبال محرم اور محرم الحرام میں قیام امن، بھائی چارے، اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے ’’حسینؑ سب کا‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ محمد رمضان توقیر نے کی، جس میں فیصل امین گنڈا پور، جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا قاری خلیل، جماعت اسلامی کے زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ، مولانا عابد فاروقی، مولانا سید طاہر حسین نجفی، مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا سید غضنفر نقوی، ناظم تحصیل پروا امتیاز خان بلوچ، انجمن تاجران کے صدر چوہدری جمیل، سید سجاد شیرازی ضلعی صدر پیپلز پارٹی ڈیرہ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر قیضار خان میانخیل، راجہ شوکت علی، معظم ترابی (سینئر صحافی وکالم نگار)، جمیعت علماء پاکستان کے رہنماء صاحبزادہ شیر محمد، مولانا کاظم حسین مطاہری ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان، سید انصار علی زیدی تحصیل سٹی صدر شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہ حسینؑ سب کا سیمینار کا مقصد فکر حسینؑ کو فروغ دینا ہوگا، حسینؑ کسی خاص مسلک یا فرقے کے نہیں بلکہ عالم انسانیت کے محسن و پیشوا ہیں۔ لہذا ان کے مقصد و فکر کو اجاگر کرنا ہم سب کا فریضہ ہے۔ اس قسم کے پروگرامز وقت کی ضروت ہیں۔ اس پروگرام سے واضح ہونا چاہیے کہ ایام عزا اور منبر حسینؑ سے کسی مسلک کے مقدسات و شخصیات کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ پھر دیکھیں اہلسنت ہمارے بھائی ہمارے ساتھ کتنا پپار اور تعاون کرتے ہیں، دشمن تو ہمیں فرقوں میں بانٹنا چاہتا ہے، حسینیت اور یزیدیت کے فرقہ کو واضح کرنا ہو گا۔ کربلا کا پیغام عوام تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ امام حسینؑ نے دین اسلام کی خاطر قربانی دی تھی، مذہبی اخوت، بھائی چارے کے لئے محرم الحرام میں حکومتی اداروں کا ساتھ دینا چاہیے۔ یہ شہر ہمارا ہے اور اس میں قیام امن کو برقرار رکھنا بھی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ دیگر مقررین نے بھی حسینؑ سب کا اور محرم الحرام کی عظمت اور مقصد حسینؑ پر خطابات کیے۔