آیت اللہ العظمیٰ السید محمد سعید الحکیم کی وفات عالم اسلام کا بڑا نقصان ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عراق کے معروف خاندان حکیم کی سرکردہ شخصیت، حوزہ علمیہ نجف اشرف کے عظیم استاد اور عراق کے معروف مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمی السید محمد سعید الحکیم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہے آیت اللہ العظمیٰ السید محمد سعید الحکیم کی وفات عالم اسلام کا بڑا نقصان ہے، مرحوم نجف اشرف کے چار سرکرہ مراجع میں سے ایک تھے اور پورے عالم اسلام میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں، ان کی علمی، دینی، فلاحی خدمات کا دائرہ پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی جانب سے الحکیم خاندان، پسماندگان اور عقیدت مندوں کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ السید محمد سعید الحکیم کی بہت سی تصانیف تھیں جو علمی حلقوں میں خصوصی توجہ کا مرکز تھیں، وہ اتحاد و حدت کے زبر دست داعی تھے اور الحکمة فاونڈیشن کے ذریعے دنیا بھر میں فلاحی کاموں میں اپنی مثال آپ تھے۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ اس الحکمة فاونڈیشن کے پلیٹ فارم پر پاکستان میں بھی 2020ء اور اس سے قبل آنے والے سیلاب کے متاثرین کی امداد کی اور انکی بحالی کے لئے مختلف نوعیت کے امداد ی پیکج، مکانات اور نہایت مشکل گھڑی میں مستحقین کی سرپرستی کی، جس کے آثار آج بھی موجود ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ حضرت سید محمدسعید الحکیم طاب ثراہ کی مرجعیت آپ نوجوانی سے ہی تدریس وتالیف میں شہرت یافتہ تھے، آپ نے اپنا سارا وقت حوزہ علمیہ نجف کے جوان طلاب کے علمی معیار کو بلند کرنے کی راہ میں صرف کردیا، چنانچہ آپ انہیں درس دیتے اور انکی علمی صلاحیتوں کو بڑھاوا دیتے جس کے باعث بہت سے طلاب و فضلاء اعلیٰ علمی سطح تک پہنچ گئے اور مختلف مقامات پر دینی خدمات سرا نجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ ان کی اخلاقی تربیت کا بھی بے حد خیال رکھتے تاکہ تقویٰ و پرہیزگاری سے متصف رہیں اور اپنی تالیف و تصنیف اور تحقیق کے ذریعہ حوزہ علمیہ نجف کا نام روشن کرنے میں کر دار ادا کریں۔