
مشرق وسطی
اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 574 ہو گئی
شیعہ نیوز: کم از کم جانی نقصان کے اعلان پر عمل پیرا غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی وزارت جنگ نے اعلان کیا ہے کہ جنگ کے 136 دنوں میں اس کے 574 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ اپنی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی رپورٹ میں صیہونی وزارت جنگ نے لکھا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ 2 ہزار 938 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں کہ جن میں سے 1 ہزار 707 فوجیوں کو معمولی اور 774 کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں جبکہ 447 کی حالت نازک ہے۔ شدید سیاسی و سکیورٹی تحفظات کے ہمراہ نشر ہونے والی صیہونی وزارت جنگ کی اس رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر 2023ء کے روز غزہ کے خلاف اسرائیل کے زمینی حملے کے آغاز کے بعد سے اس کے کل 1 ہزار 373 فوجی زخمی ہوئے ہیں کہ جن میں سے 276 کی حالت نازک ہے۔
واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں جاری کئے گئے ہیں کہ جب متعدد اسرائیلی میڈیا چینلز کا کہنا ہے کہ صیہونی رژیم اپنے شدید سنسر کے ذریعے اسرائیلی ہلاکتوں کے انتہائی کم اعداد و شمار نشر کر رہی ہے۔ اس حوالے سے صیہونی چینل 12 کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ہسپتالوں کے حکام کو کہہ رکھا ہے کہ وہ فوج کی اجازت کے بغیر کسی فریق کو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار سے آگاہ نہ کریں!