ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو کرانے کا فیصلہ
شیعہ نیوز: پیر کے روز عبوری صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف جسٹس کی ہنگامی نشست منعقد ہوئی جس میں صدارتی انتخابات کی تاریخ کا تعین کیا گیا۔
پیر کے روز عبوری صدر محمد مخبر کی میزبانی میں ایک ہنگامی نشست منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس محسنی اژہ ای، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے علاوہ صدر کے قانونی امور کے معاون، نگہبان کونسل کے قائم مقام اور نائب وزیر داخلہ برائے سیاسی امور نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں آئین کے آرٹیکل 131 پر مبنی 50 دن کے اندر صدارتی انتخابات کے انعقاد پر گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : روس نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات میں مشارکت کےلئے آمادگی کا اعلان کیا
اس میٹنگ میں ایگزیکٹیو ٹیم کی تشکیل، کاغذات نامزدگی کے داخلے، تشہیراتی مہم اور انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا اور نگہبان کونسل کے ساتھ ہونے والے ضمنی سمجھوتے کے تحت، صدارتی انتخابات کے لئے 28 جون 2024 کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
اس کے علاوہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے 30 مئی سے 3 جون کی تاریخوں کا تعین ہوا ہے۔ انتخابی مہم 12 جون سے 27 جون تک ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے آئین کے تحت عہدے پر فائز صدر کے انتقال، معزول ہونے، استعفے، کام پر حاضر نہ ہونے یا 2 مہینے کی بیماری یا پھر صدارتی دور کے اختتام اور کسی بھی وجہ سے نئے صدر کے عدم انتخاب کی صورت میں اور رہبر انقلاب کی رضامندی کے بعد صدارت کے فرائض نائب صدر کے حوالے کردئے جائيں گے اور اس کے بعد پارلیمان کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور نائب صدر پر مشتمل ایک کمیٹی 50 دن کے اندر صدارتی انتخابات منعقد کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔